کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آفاق احمد، مصطفیٰ کمال، خالد مقبول صدیقی اور سلیم حیدر کو مہاجر اتحاد بنانے کی پیشکش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آفاق احمد، مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سلیم حیدر کو مہاجر الائنس بنانے کی پیشکش کر دی ہے۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں مختلف مقامات پر عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں علاقہ مکینوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو 22 اگست کے بعد تقسیم سے بچایا، ٹھاکر کے ہاتھ میں کھلونا بننے کے بجائے مہاجروں کی آواز بنے، اسی طرح پارٹی کا ووٹ بھی تقسیم ہونے نہیں دیں گے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں میرٹ کے نظام کو بحال کرنا ہے۔ ہر سیاسی جماعت میں ایک ہی سربراہ ہوتا ہے، پانچ پانچ نہیں ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تحا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو صرف مہاجروں اور مظلوموں کی نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت سمجھتے ہیں۔ پاکستان میں فرسودہ جاگیردار نظام کے خاتمہ کا حل صرف ایم کیو ایم کے پاس ہے۔