کراچی: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق آج رات دونوں گروپوں کے رہنماؤں کے درمیان کسی تیسرے مقام پر ملاقات کا امکان ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ بہادر آباد کی جانب سے وقت اور مقام بتائے جانے کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم بہادر آباد اور پی آئی بی کے درمیان فاصلے کم ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا تو انہوں نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی کا پی آئی بی آنا صحیح نہیں لگتا تو وہ آ جائیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملاقات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، بہادر آباد والے وقت اور جگہ بتائیں گے تو ملنے ضرور جائیں گے، وہ بہادر آباد کی جانب سے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم ملاقات جمعرات کی رات کسی تیسرے مقام پر ہو گی۔
دوسری جانب ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 26 مارچ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے واضح فیصلے کے بعد پارٹی کی رجسٹریشن، پرچم اور نام ونشان ایم کیو ایم کے مرکز لوٹ آیا ہے، وہ تمام اختلافات بھلا کر قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے مل جل کر تنظیم کو اس کی شاندار روایت کے مطابق چلائیں گے۔