اسلام آباد (دنیا نیوز ) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ان کے خلاف کنوینر شپ سے ہٹانے کا فیصلہ درحقیقت ان کی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش ہے ، آج کے دن کو ہم سب سیاہ دن کے طور پر یاد رکھیں گے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں ںے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا اور ان کی چار رکنی کمیٹی نے جو فیصلہ دیا ہم اسے تسلیم نہیں کرتے ،
ملکی تاریخ میں آج تک ایسا فیصلہ نہیں آیا کہ اندرونی اختلافات کی بنیاد پر، انٹرا پارٹی الیکشن کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کوئی کارروائی کرے ، ایسا کرنا الیکشن کمیشن کے اختیار میں ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہمیں گھر بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے ، الیکشن کمیشن نے ہمارے خلاف فیصلہ کیسے دیا یہ بات بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس سے تو صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ الیکشن مائنس فاروق ستار کے حوالے سے لڑا جائے،
فاروق ستار نے کہا کہ میں نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف 23 اگست کو جو اعلان کیا تھا مجھے اس کی سزا دی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ کسی طرح سے ملک سے ایم کیو ایم کو ختم کر دیا جائے اس لئے ہمارے ووٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔