کراچی (دنیا نیوز ) یوم تاسیس پر بھی ایم کیو ایم کے دو دھڑوں میں اختلافات برقرار ہیں، پی آئی بی لیاقت آباد فلائی اوور پر میلہ سجائے گی، بہادر آباد والے نشتر پارک میں جلسے کا انعقاد کریں گے۔ دونوں گروپوں کی تیاریاں جاری ہیں۔ 34 ویں یوم تاسیس پر بھی ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادر آباد والے ایک نہ ہوئے، الگ الگ مقامات پر پتنگ اُڑانے کی تیاری کرلی۔
ایم کیو ایم پی آئی بی آج لیاقت آباد فلائی اوور پر جلسہ کر رہی ہے جس کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ جلسے کیلئے سٹیج تیار ہے، پتنگیں بھی لگ گئیں، مختلف رہنما بھی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کرنے لگے۔
فاروق ستار نے شہر قائد کے باسیوں سے اپیل کی ہے وہ جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔ دوسری طرف بہادر آباد والے بھی یوم تاسیس پر سیاسی طاقت دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ نشتر پارک میں جلسے کیلئے میدان سجا لیا ہے، پارک میں مختلف اشیاء کے سٹالز بھی لگ گئے۔ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی بنیاد نشتر پارک میں ہی ڈالی گئی۔ سب کو جلسے میں شرکت کی دعوت ہے۔ انہوں نے کہا ووٹر کو پتا ہے انتخابی نشان پتنگ ہے تو وہ پتنگ کو ہی ووٹ دیں گے۔