ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فاروق ستار کو کنویئر شپ کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کو اپنے نظریے کی جیت قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے فاروق ستار کو دوبارہ بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ متحدہ کی جدوجہد ذاتی مفاد کے نہیں بلکہ پارٹی کیلئے ہے۔ بہادر آباد کے رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
بہادر آباد آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ نظریے کی جیت ہے، ایکشن کمیشن کے فیصلے سے واضح ہو گیا کہ پتنگ، پارٹی پرچم اور ایم کیو ایم کا نام ان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کارکنان کنفیوژن کا شکار تھے آج ان کی کنفیوژن بھی دور ہو گئی، ایم کیو ایم کے دروازے کھلے ہیں، وہ پی آئی بی گروپ میں موجود تمام کارکنان اور ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی میں آنے کی پیشکش کرتے ہیں۔