چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن ممبرز نے کیس کی سماعت کی۔ مریم اورنگزیب، عظمی بخاری، امیر مقام، عمران خان، فاروق ستار کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ عمران خان کی طرف سے شاہد گوندل نے وکالت نامہ جمع کرایا۔ وکیل عمران خان نے کہا الیکشن کمیشن کو ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کے لیے مکمل معاونت کرینگے۔ چیف الیکشن نے کہا عمران خان میڈیا میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق آئے اس لیے آپ کو معاونت کے لیے بلایا۔
لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا آپ خفیہ اداروں، ایف آئی کی مدد لے سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا خفیہ اداروں، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات میں مدد لیں گے، پیسے کے ذریعے ووٹ خریدنا جرم ہے ، اس کی تحقیقات کرینگے، معذرت کے ساتھ جو خریدتے ہیں اور جو بکتے ہیں وہ بھی پارلیمنٹرینز ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا چوہدری سرور نے 6 ن لیگ ایم پی ایز کا ساتھ دینے کا کہا تھا، کیا آپ ان کو نوٹس کر سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا اسی لئے آپ کی معاونت چاہتے ہیں، ان کو بھی بلا لینگے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ کی معاونت سے الیکشن کمیشن جو کر سکتا ہے ضرور کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔