کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار مستعفی ہونے والے رکن رابطہ کمیٹی شبیر قائم خانی کے گھر پہنچ گئے اور انہیں منانے کی کوشش کی، شبیر قائم خانی نے پارٹی میں واپسی کے لیے دونوں گروپوں کے ایک ہونے کی شرط رکھ دی۔
ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی شبیر قائم خانی کے گھر آمد ہوئی جہاں انہوں نے سینئر رہنما کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے منانے کی کوشش کی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے شبیر قائم خانی سے کہا کہ وہ پارٹی کے سینئر رہنما ہیں، وہ پارٹی کو چھوڑ کر مت جائیں جس پر شبیر قائم خانی نے انہیں جواب دیا کہ وہ پارٹی کی تقسیم کے حق میں نہیں ہیں، اس لیے پریشان ہیں۔
شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا، یہ جذباتی فیصلہ نہیں ہے۔ تاہم اگر پی آئی بی اور بہادر آباد ایک ہو جائیں تو وہ پارٹی میں واپس آ جائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے دونوں گروپوں کے درمیان معاملات کو حل کرنے کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔