حیدرآباد: (دنیا نیوز) لاپتہ ساتھی اور تمام دفتر دلا دیں، الیکشن میں کامیابی کی ضمانت لے لیں، فاروق ستار کی پیشکش، ایم این اے وسیم حسین مصطفیٰ کمال کو چھوڑ کر دوبارہ ایم کیوایم میں شامل ہوگئے۔
حیدرآباد سے ایم این اے وسیم حسین نے پاک سرزمین پارٹی کو خیر آباد کہہ کر دوبارہ ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کر لی، ایم کیو ایم کے زونل آفس پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ انھوں نے کسی جلسے کے لیے انیس قائم خانی سے مدد نہیں مانگی، لاپتہ ساتھی واپس دلا دیئے جائیں اور خورشید بیگم ہال سمیت دفاتر مل جائیں تو الیکشن میں کامیابی یقینی ہے۔ جناح گراونڈ میں جلسہ کرنے دیں ایک جلسہ ہی سب کے لیے کافی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کی کوشش پر مزاحمت کریں گے۔ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی ہماری ہی فیکٹری کی پروڈکٹ ہیں۔ فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ عوامی حلقوں میں سروے کے مطابق ہمارے پی ایس پی کے دوستوں کو پزیرائی نہیں ملی جو جو ایم کیو ایم چھوڑ کر گیا وہ الٹے قدموں واپس آئے گا۔ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی بھی واپس آئیں گے۔
انہوں نے سید وسیم حسین کو دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔