کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ پاک سر زمین پارٹی کے آنگن میں آگری، پی ایس 102 سے رکن سندھ اسمبلی انور رضا نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد حذب اختلاف کی تبدیلی کا سوچا ہے نہ سوچ رہے ہیں وہ بے فکر ہو کر صحیح طریقے سے کام کریں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی پی ایس پی کو پیارے ہو گئے۔ پی ایس 102 سے رکن سندھ اسمبلی انور رضا نے ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے اور پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان ہاوس کراچی میں مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انور رضا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی اور خوشی سے پی ایس پی میں آئے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کو تبدیل کرنے کا سوچا نہ سوچ رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف اگر اپنا صحیح کردار اسمبلی میں ادا کریں گے تو پی ایس پی انکی حمایت کرے گی۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ اگر کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کے مسائل کو حل نہیں کیا تو پھر پی ایس پی عوام کے ساتھ ملکر سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔