'پاکستان کے لیے جان کی بازی لگا دوں گا'

Last Updated On 28 April,2018 05:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے جان کی بازی لگا دوں گا، وکلاء بھی ملک بچانے کے لیے باہر نکلیں۔ ملک کا موازنہ اگر2007 سے کیا جائے تو آج پاکستان رو رہا ہے کہ آؤ اور مجھے بچاؤ۔

سابق صدر پرویز مشرف نے راولپنڈی میں ویڈیو لنک کے ذریعے وکلاء کے سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے جان کی پرواہ بھی نہیں، وکلاء بھی ملک بچانے کے لیے باہر نکلیں۔ وکلاء ملک کی سوچ بناتے ہیں اور وقت ہے کہ وکلاء باہر نکلیں، پاکستان کی حالت کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

میں پاکستان کے لیے جان کی بازی لگانے کے لیے تیار ہوں۔ اپنے اوپر مکمل یقین ہے کہ ملک کے لیے بہترین کرسکتا ہوں۔ موجودہ حکمران ملکی حالات کے ذمہ دار ہیں۔ دس سال پہلے کا پاکستان ہر اعتبار سے مضبوط تھا۔ پرویزمشرف کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف سیاسی مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔ امیرشخص ہوں لیکن محلوں میں نہیں رہتا، ملک واپس آکر مقدمات کا سامنا کروں گا۔