کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو مستقل قومی مصیبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو لندن کی قید سے آزاد کرا لیا، اب متحدہ سے بھی نجات دلائی جائے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ لالو کھیت والوں کے بڑوں نے پیپلز پارٹی کیساتھ جدوجہد کی تاریخ رقم کی تھی لیکن بعد میں آنے والوں نے نفرت کی سیاست کو جنم دیا۔ اورنگی ٹاؤن، رضویہ، نارتھ ناظم آباد والو کیا تم بھول گئے کہ تمہاری گلیوں سے پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ نے جنم لیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں پنتیس سالوں میں آگ، خون، خوف اور دہشت تھی لیکن کراچی میں اب خوف کا وقت گزر چکا ہے۔ کراچی والوں کا مسئلہ کراچی میں پیدا ہونے والا ہی حل کر سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کچھ قوتوں کو کراچی اور بھٹوکا رشتہ پسند نہیں آیا۔ ان قوتوں نے منصوبہ بندی کر کے شہرِ قائد میں نسل پرستی کے بیج بوئے۔ طاقت کے زور پر پیپلز پارٹی کی حمایت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ گھروں میں گھس کر جیالوں کو گولیاں ماریں گئیں اور زندہ جلا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لیے ہزاروں جیالوں کو شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو اور جیالے تقدیر کا وہ پرندہ ہیں جو بار بار اپنی ہی راکھ سے پیدا ہوتے ہیں۔ آج تیسری نسل کا بھٹو آپ کے سامنے کھڑا ہے۔ دیکھ لو، ہم فنا نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا پرامن کراچی سب کے سامنے ہے۔ ہم نے الزام تراشی کے بجائے امن کا بیڑہ اٹھایا۔ کراچی آپریشن سے شہر میں امن قائم ہوا۔ کراچی میں بلا تفریق آپریشن کیا گیا۔ جب امن قائم ہو گیا تو ہر کوئی فتح کا جھنڈا لہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کو لندن کی قید سے آزاد کروایا ہے، اب متحدہ قومی موومنٹ سے بھی نجات دلائیں گے۔ اگر متحدہ بانی برا ہے تو اس کے ساتھی بھی برے ہیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے حقیقت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنے لیڈر کا نہ ہو سکے، وہ تمہارے کیسے ہو سکتے ہیں۔