ٹھٹھہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر شخص کو اپنا فیصلہ کرنے کا اختیار ہے، سیاست میں ایسا چلتا رہتا ہے۔
ٹھٹھہ میں ایک تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کو پانی کم مل رہا ہے جس پر ہمیں تحفظات ہیں۔ کم نظر لوگ سمجھ نہیں رہے پانی کے حوالے سے قومی پالیسی اتفاق رائے سے بنانی چاہیے۔ نواز شریف کے خاص علاقوں میں سب کچھ ملتا ہے لیکن باقی میں کچھ نہیں، ایسا نہیں چلے گا۔ میں غریب عوام کے مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ ایسے امیدوار کو برداشت نہیں کروں گا جو منتخب ہو اور کام نہ کرے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تین دفعہ وزیراعظم بننے والا چھ دفعہ صرف پارلیمنٹ آیا۔ ووٹ کی تقدس کی بات کرنے والوں نے پارلیمنٹ اور عوام کو عزت نہیں دی۔ ان کو 2018ء کے الیکشن میں عوام جواب دیں۔ آپ ایک ٹیم بن کر کام کریں گے تو پیپلزپارٹی کامیاب ہو گی۔ نااہل شریف اور نااہل ترین کی پارٹی عوام کو کچھ نہیں دے سکتی۔ الیکشن جیت کر ٹھٹھہ کے ہر شہری کو صاف پانی دیں گے۔
ندیم افضل چن کی تحریکِ انصاف میں شمولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ندیم افضل چن صرف نظر آتے تھے، نظریاتی نہیں تھے، ہم پیپلز پارٹی کی نظریاتی سیاست کو واپس لائیں گے، سیاست میں ایسا ہوتا ہے، ہر شخص کو اپنا فیصلہ کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ میاں صاحب نے جو وعدے کیے پورے نہیں کیے۔ نواز شریف نے ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے پیکج کا اعلان کر کے دھوکہ دیا تھا۔ کیٹی بندرگاہ کو سی پیک میں شامل کرانے کی بہت کوشش کی لیکن (ن) لیگ نے شامل نہیں ہونے دیا۔