سیاسی سنڈے :جماعتوں نے اپنے اپنے سیاسی میدان سجالئے

Last Updated On 08 April,2018 01:07 pm

ن لیگ کا پاور شو کمالیہ میں ہوگا، عمران خان راولپنڈی میں اور بلاول بھٹو ملتان میں ممبر سازی مہم سے خطاب کریں گے

لاہور (دنیا نیوز ) سنڈے کو سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے میدان سجا لئے، مسلم لیگ نون کمالیہ میں پاور شو کرے گی، عمران خان راولپنڈی میں کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملتان میں ممبر سازی کرینگے۔

آج پھر سیاسی سنڈے ہے اور سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے پنڈال سجا لئے ہیں۔ مسلم لیگ نون کمالیہ میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کارکنان سے خطاب کریں گے۔ جلسہ گورنمنٹ ایلمنٹری سکول کی گراؤنڈ میں ہوگا جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ سٹیج تیار ہوگیا، جلسے کیلئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں، 1500 سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج راولپنڈی میں رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں کیمپوں کا دورہ کریں گے، انتظامات مکمل کرلئے گئے، کپتان مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ملتان میں بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرے جما رکھے ہیں، آج ممبر سازی مہم کے دوسرے مرحلے میں کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری شام 5.30 پر مظفر گڑھ میں ممبر سازی کیمپ کا دورہ کریں گے جہاں ان کا خطاب بھی ہوگا۔

جماعت اسلامی نے لاہور مینار پاکستان پر پاور شو کیلئے میدان لگالیا جہاں سراج الحق جلسے سے خطاب کریں گے۔