'کچھ بھی ہوجائے نواز شریف سے صلح نہیں جنگ ہی رہے گی'

Last Updated On 05 April,2018 12:19 pm

گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) میاں صاحب!اب اپنے آراو الیکشن کونہیں مان رہے، میاں صاحب الیکشن میں عوام چالیس سال کا حساب پوچھیں گے، آج کہہ دیا اس دفعہ پنجاب کا چیف منسٹربھی آپ کا نہیں بننے دیں گے۔ آپ نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری پیٹ میں چھرا گھونپا ہے۔

گڑھی خدا بخش میں ممتاز سیاسی رہنماء ذوالفقار علی بھٹو کی برسی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب!اب اپنے آراو الیکشن کونہیں مان رہے، ہم نے پہلے دن سے الیکشن کو آراو الیکشن کہا تھا۔ لاہورکی سیٹ پرانہوں نے اربوں روپے خرچ کیے۔ موچی دروازے اور رائے ونڈ کے راستوں میں بہت فرق ہے۔ ان راستوں میں بھی مجھے نوٹوں کی خوشبوآتی ہے۔ یہ سب کو لڑوا کرخود حکومت کررہے تھے، آج خود پھنسے ہیں۔ پنجاب میں ان کے جلسوں میں پٹواری، ایس ایچ او جاتے ہیں۔ جب حکومت نہیں ہوگی پھرپتا چلے گا۔

سابق صدر آصف زرداری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پہلے ہی کہا تھا چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں لینے دوں گا،جب وقت آیا توانہوں نے بال رضا ربانی کے کورٹ میں ڈال دیا۔ رضا ربانی کا نام لیکرانہوں نے تفریق ڈالنے کی کوشش کی۔ ہمارے دوستوں کے بیچ لڑائی کروانے کی کوشش کی مگر رضا ربانی ہمارا جیالا ہے اور پیارا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں جمہوریت بڑی بات ہے۔ بلوچستان کوایک ماں،باپ کی ضرورت ہے۔ مشرف کی بیوقوفیوں سے بلوچستان میں آگ لگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب الیکشن میں عوام چالیس سال کا حساب پوچھیں گے۔ چالیس سال میں ہمیشہ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری پیٹ میں چھرا گھونپا۔ اس دفعہ ارادہ ہے کچھ بھی ہوجائے آپ سے صلح نہیں جنگ ہی رہے گی۔ آپ سیاست کونہیں سمجھتے، مغلیہ شہنشاہ ہیں۔ میاں صاحب!غریبوں کا خون چوسنا اورسیاست چھوڑدیں۔ پیپلز پارٹی آپ سے سیاست چھڑا کررہے گی۔ وہ دن بھی یاد ہے جب آپ کی حکومت بچائی تھی۔ لندن سے آکرآپ کی حکومت بچائی تھی۔

آصف زرداری نے اعلان کیا کہ پنجاب میں بہت جلد ورکروں کوجگائیں گے اور تخت رائے ونڈ کوہلائیں گے۔ میاں صاحب! آج کہہ دیا اس دفعہ پنجاب کا چیف منسٹربھی آپ کا نہیں بننے دیں گے۔لمبے مقابلے کے لیے تیارہوجائیں، ہمیں لمبے مقابلے کی بڑی پریکٹس ہے۔ آصف علی زرداری نے جیالوں کا لہو گرمانے کے لیے نعرے بھی لگائے۔  

Advertisement