گاڑی کی ٹکر سے شہریوں کو زخمی کرنیوالا امریکی سفارتکار رہا

Last Updated On 30 April,2018 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہرِ اقتدار میں دو موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے امریکی سیکنڈ سیکرٹری کو سفارتی استثنیٰ کی تصدیق پر رہا کر دیا گیا۔ ملزم کو چھڑانے کیلئے پولیس پر حملہ کرنے والے امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر کی ضمانت ہو گئی۔

امریکی سفارتخانہ کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کردیا تھا۔ دفترِ خارجہ نے چاڈ ریکس کو سفارتی استثنیٰ کی تحریری تصدیق کی تو اسے بیان ریکارڈ کر کے رہا کر دیا گیا۔

سیکیورٹی افسر تیمور پیرزادہ کو تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ جواد عادل کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزم کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق مچلکے جمع ہونے پر ملزم کو رہا کر دیا جائے گا۔