لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کا مقصد گیارہ نکات عوام تک پہنچانا اور اس تاثر کو غلط ثابت کرنا تھا کہ عوام عدالتی فیصلوں سے ناخوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انتخابی معرکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہو گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بہت سے سیاستدان پی ٹی آئی میں شمولیت کے خواہشمند ہیں جن میں کچھ بدنام ہیں تو بہت سے اچھے نام بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور جلسے کا مقصد پارٹی کے گیارہ نکات عوام تک پہنچانا اور مخالفین کا یہ تاثر غلط ثابت کرنا تھا کہ لوگ عدلیہ کے فیصلوں سے ناخوش ہیں۔ ن لیگ کے گڑھ میں لوگ خوش ہیں کہ پہلی بار ایک طاقتور کو کوئی قانون کے نیچے لے کر آیا
عمران خان نے پنجاب میں آئندہ الیکشن کو "ٹو ہارس ریس" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل انتخابی معرکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہو گا۔ پی ٹی آئی اب بڑی جماعت بن چکی ہے، بہت سے سیاستدان تحریکِ انصاف میں آنا چاہتے ہیں جن میں کچھ بدنام ہیں تو بہت سے اچھے نام بھی ہیں۔
عمران خان نے ایک بار پھر نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ن لیگ قائد خود کو مظلوم پیش کر کے عوام کو بیوقوف اور پاگل نہیں بنا سکتے۔ نواز شریف اس طرح کے اقدام سے مارکوس تو بن سکتے ہیں نیلسن منڈیلا نہیں۔