اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہو رہی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں استغاثہ کے آخری گواہ تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر خواجہ حارث کی دوسرے دن بھی جرح جاری ہے۔ خواجہ حارث کی جرح مکمل ہونے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز گواہ پر جرح کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ سماعت پر تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنے بیان میں بتایا مریم نواز کی جے آئی ٹی میں جمع کرائی گئیں ٹرسٹ ڈیڈز جعلی ثابت ہوئیں، 28 مارچ 2018 کو ریکارڈ کی نقول میرے حوالے کی گئیں، ریکارڈ میں لینڈ رجسٹری، لندن فلیٹ، یوٹیلیٹی بلز، کونسل ٹیکس دستاویزات شامل تھیں، ریکارڈد رخواست کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔
گواہ کا کہنا تھا دوران تفتیش نواز شریف بطور پبلک آفس ہولڈ ر ایون فیلڈ پراپرٹیز کے مالک پائے گئے، تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے ملزمان کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہیں، ملزمان لندن جائیداد خریدے جانے کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔