لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا انضمام ڈرامہ قرار دے دیا۔ کہتے ہیں جن لوگوں نے کبھی جنوبی پنجاب کی بات نہیں کی اب ان کو یاد آ گیا۔
لاہور میں اداکارہ مدیحہ گوہر کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں جو وعدے کیے وہ پورے نہ کر سکے۔ ہم نے جب جنوبی پنجاب کی آواز اٹھائی تو کسی نے ساتھ نہ دیا۔ جب ہم کہتے تھے کہ پارلیمان میں ایشوز کو لے کر آئیں تو مانتے نہیں تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا انضمام ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے کبھی جنوبی پنجاب کی بات نہیں کی اب ان کو یاد آ گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کچھ بتانا ہے تو بتائیں ورنہ چپ ہو کر بیٹھ جائیں۔ نواز شریف چپ کر کے بیٹھ جائیں یا پھر گھر چلے جائیں۔ ذاتی مفاد کیلئے نواز شریف کا ساتھ نہیں دے سکتے۔ اگلی حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی۔ نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پارلیمان اور جمہوریت کمزور ہے۔ ہمارے مسائل کو حل کرنے میں نظام ناکام رہا ہے۔ الیکشن کے بعد حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کریں گے۔ حکومت نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھ کر حکومت کی سمت ٹھیک کریں گے۔