کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم پہلے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا جواب دے، ایک دھڑا پیپلزپارٹی کے نقش قدم پر چل رہا ہے، متحدہ والے فکر نہ کریں کراچی کے ہر ضلع میں جلسہ ہوگا۔ نوازشریف کیا گیم کھیل رہے ہیں ہر پاکستانی جانتا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم مزدوروں کے دن پر سیاسی بیان دینے کے بجائے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کا جواب دے۔ لیاری میرے دل کے نزدیک ہیں، کراچی اور لیاری کے عوام سے پیار کرتا ہوں، ہر جگہ ہر ضلع میں جا کر جلسہ کروں گا، ایم کیوایم کو اتنی فکر نہیں ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مزدوروں کے لیے کچھ نہیں اس لیے تنقید کرتے ہیں، ہم نے اپنے دور میں پینشن اور تنخواہیں بڑھائیں۔ ہم چاہتے ہیں قومی و صوبائی اسمبلی میں مزدور کی نمائندگی ہو جس کے لیے مشاورت کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے جو ڈرامہ ہورہا ہے سب جانتے ہیں میاں صاحب کیا گیم کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کراچی کی سیاست میں لوگ ایم کیو ایم کے پیچھے چلتے تھے لیکن اب ان کا ہر دھڑا ہمارے نقش قدم پر چل رہا ہے، اب وہ ہمارے بعد جلسے کرتے ہیں جس پر انہیں خوش آمدید کرتے ہیں، ہمیں نظر آرہا ہے کہ پیپلزپارٹی آگے ہے۔