لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کر دیا گیا۔ ٹرین کا آزمائشی سفر اسلام پارک سے لکشمی چوک تک ہو گا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لاہور میں اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چینی قونصلیٹ بھی موجود تھے۔ اورنج لائن کی آزمائشی سروس اسلام پارک سے لکشمی چوک تک ہو گی۔
اورنج لائن ٹرین کی آزمائشی سروس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سسے گفتگو میں وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج خوشی کے اس موقع پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عام آدمی کو اورنج ٹرین سے بہت فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کی وجہ سے اورنج لائن منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر ہوئی۔ پی ٹی آئی نے اس منصوبے کیخلاف سٹے آرڈر لے کر عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا تھا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انشا اللہ ساڑھے 3 ماہ بعد میں اور آپ اورنج لائن پر سفر کریں گے۔ چند روز میں ٹھوکر نیاز بیگ سے چوک یتیم خانہ تک ٹرین چلے گی۔ اب عوام کو بسوں میں دھکے نہیں کھانا پڑیں گے۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ٹرین اب چھوٹ چکی ہے۔ ہم نے میٹرو اورنج لائن غریبوں کے لیے بناتے رہے تو دوسری طرف عمران خان نتھیا گلی کے پہاڑوں پر پانچ سال سوتے رہے۔
ایک اعشاریہ پینسٹھ ارب ڈالر کی کثیر لاگت کا اورنج لائن ٹرین منصوبہ اختتامی مراحل میں پہنچ چکا ہے۔ اورنج ٹرین کی دوسری آزمائشی سروس میں وزیرِاعلیٰ شہباز شریف کا چائینیز قونصلیٹ جنرل کے ساتھ سفر ٹرین سے ہاتھ ہلا کر اہلیانِ لاہور کے نعروں جواب دیتے رہے۔ ٹرین میں شہریوں کو تو سوار ہونے کی اجازت نہ ملی، البتہ اعلیٰ حکام نے بڑی تعداد میں سفر کا لطف اُٹھایا۔
کثیر لاگت کے اِس منصوبے کی تکمیل کے بعد متوقع طور پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کی سہولت حاصل کریں گے۔ ٹرنیوں کا اندرونی حصہ بھی مسافروں کے لیے کافی آرام دہ بنا گیا ہے۔