نوشہرہ: (دنیا نیوز) نوشہرہ میں پھر دہشت گردی، کچہری چوک کے قریب خود کش دھماکا، دو سیکیورٹی اہلکار شہید، 11 افراد زخمی، فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری
خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ کو ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ کچہری چوک کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔ دہشتگردی واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں اور جام شہادت پانے والے جوانوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ڈی پی او نوشہرہ کے مطابق دھماکا خود کش تھا۔ حملہ آور سائیکل پر سوار تھا جس نے سائیکل سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔