پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹاون میں مبینہ طور پر انسداد پولیو انجکشن لگانے سے تین بچے جاں بحق اور چار کی حالت غیر ہوگئی۔ محکمہ صحت نے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق، پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹاون میں مبینہ طور پر تین بچے انسداد پولیو انجکشن لگانے سے جاں بحق ہوگئے۔ لواحقین کے مطابق بچوں کو گزشتہ شب پولیو سے بچاؤ کیلئے انجکشن لگایا گیا تھا، رات کو بچوں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی نماز جنازہ اخون آباد میں ادا کر دی گئی۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ایک بچے کی پولیو ویکسین سے ہلاکت کی اطلاع ملی ہے تاہم ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔