پشاور: (دنیا نیو) خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور یوٹرن لے لیا۔ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 14 مئی کو بجٹ اجلاس بلانے کیلئے سمری گورنر کو بھجوا دی۔
وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے مطابق اب صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرے گی۔ صوبائی حکومت کے بجٹ پیش کرنے کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں جولائی کے مہینے میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات پیش آسکتی تھیں۔ اپوزیشن کی جانب سے بھی صوبائی حکومت پر بجٹ پیش کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔
پہلے عمران خان نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہ کرنے کا اعلان کیا، عمران خان کی تائید میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پریس کانفرنس بھی کر ڈالی۔ جس میں انہوں نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے ساتھ نئی حکومت کے ساتھ زیادتی قراردیا لیکن صرف ایک ہفتے بعد ہی اچانک ہی صوبائی حکومت نے یوٹرن لے لیا اور غیر آئینی قرار دیئے جانے والے بجٹ کو آئینی قراردیتے ہوئے بجٹ اجلاس بھی طلب کر لیا۔