پشاور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پشاور میں عطائیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ پورے صوبے میں عطائیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کوئی سٹے آرڈر جاری نہیں کریگا، کسی نے سٹے آرڈر لینا ہے تو سپریم کورٹ آئے۔
سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں عطائیوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ صوبے میں 15 ہزار عطائی ہیں ، 122عطائیوں پر پابندی لگا دی۔ چیف جسٹس نے کہا عطائی لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی تنخواہ کتنی ہے ، جس پر چیئرمین ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ تنخواہ 5 لاکھ روپے ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تنخواہ پانچ لاکھ روپے اور کام صفر ہے۔