پشاور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار نے سنٹرل جیل پشاور اور ذہنی امراض کے ہسپتال کا دورہ کیا اور دونوں اداروں کی حالتِ زار پر برہمی کا اظہار کیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو چھاڑ پلا دی، وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک کو سنٹرل جیل طلب کر کے دورہ کرایا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پشاور میں سپریم کورٹ رجسٹری برانچ پہنچے جہاں سے انہوں نے سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا۔ جیل کے احاطے میں قائم ذہنی امراض کے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ بھی کیا۔
چیف جسٹس نے ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کو لٹانے اور صفائی کی صورتحال پر اظہارِ برہمی کیا۔ ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
چیف جسٹس ہسپتال کے کچن بھی گئے اور مریضوں کو دیئے جانے والے کھانے کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک کو فوری طور پر طلب کر لیا اور ان کے ساتھ ایک بار پھر ہسپتال کا دورہ کیا۔ وہ سنٹرل جیل بھی گئے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنٹرل جیل میں سات دن گزارے ہیں، اس لیے وہاں کی صورتحال کا اندازہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بعد میں چیف جسٹس سے ملاقات کریں گے۔ چیف جسٹس سنٹرل جیل کے دورے کے بعد دوبارہ سپریم کورٹ رجسٹری آئے۔ انہوں نے 2005ء کے زلزلہ متاثرین کی امداد میں خوردبرد، ہسپتال کے فضلے سمیت مختلف کیسز کی سماعت کی۔