کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ ایف سی مدد گارسینٹر پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے 8 اہلکار ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے ایک مزید بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
کوئٹہ میں چمن ہاوسنگ سیکم میں واقع ایف سی مدد گار سینٹر پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی کے 7 اور موٹروے پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوا جن کا ایف سی ہسپتال علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک جبکہ باقی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے ملنےوالے دیسی ساختہ بم جو پلاسٹک کے کین میں بنایا گیا تھا کو ناکارہ بنا دیا۔ علاقے کو تاحال ایف سی نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ مددگارسینٹر میں واقع موٹروے پولیس کے دفتر کو بھی دھماکوں سے شدید نقصان پہنچا ہے۔