اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ترک فضائیہ کو ایوی ایشن اور فوجی تربیت میں بھرپور مدد اور تعاون کی پیشکش کردی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترکی کے چیف آف دی جنرل سٹاف جنرل ہولوسی آکار نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے جنرل ہولوسی آکار کو سلامی پیش کی۔
جنرل ہولوسی اور ایئرچیف مارشل مجاہد انور کی ون آن ون ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق جنرل ہولوسی آکار نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔ ترک چیف آف دی جنرل سٹاف نے پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ اس تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ پاک فضائیہ ترکی کو ایوی ایشن اور فوجی تربیت میں بھرپور مدد اور تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔