لاہور: (دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے ایک دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ ان کے اس بیان سے چندے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ صہیونی فوج کو ترک صدر کے کسی اخلاقی لیکچر کی ضرورت نہیں ۔
اسرائیلی بربریت پر ترک صدر طیب اردوان کی اسرائیل پر کڑی تنقید کی، انہوں نے فلسطین میں نہتے شہریوں کی شہادتوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو غاصب اور دہشت گرد قرار دےد یا
ترک شہر عدانہ میں خطاب کرتے ہوئے صدر طیب اردوان نے کہا:’’ ارے نیتن یاہو! تم ایک قابض ہو ۔ تم نے ان کی اراضی پر قبضہ کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ساتھ تم ایک دہشت گرد بھی ہو‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’ تم مقہور فلسطینیوں کے ساتھ جوکچھ کرتے ہو ،یہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا اور ہم اس کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔تم جو کچھ بھی کررہے ہو ،اسرائیلی عوام اس کو پسند نہیں کرتے ہیں ‘‘۔ ترک صدر نے انتہا پسند صہیونی وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا:’’ ہم نے قبضے کے کسی فعل کا کوئی ارتکاب نہیں کیا‘‘۔
ترکی کے شہر استنبول میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں جمعہ کو ہزاروں فلسطینی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید اور 1400 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ترک صدر نے اس ’’غیر انسانی حملے‘‘ کی استنبول میں ایک تقریر میں شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور اس پر خاموشی اختیار کرنے والے مغربی لیڈروں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔