انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک عوام کی کتابوں سے محبت، حکومت نے دلچسپی بڑھانے کے لیے منفرد لائبریری تعمیر کروا دی ۔
ترکی کے شمالی صوبے کارابک میں بک شیلف جیسا ایک خوبصورت کتاب گھر تعمیر کیا گیا ہے۔ کامل گولک نامی یہ لائبریری کارابک یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے۔ ترک حکومت نے عوام میں کتابوں سے محبت بڑھانے اور کتاب بینی کو فروغ دینے کے لیے اس دلچسپ اور خوبصورت عمارت کو تعمیر کیا ہے جس میں ہزاروں کتابیں موجود ہیں۔
اس لائبریری کا منفرد فن تعمیر ایک شاہکار ہے جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ کتابوں کے شوقین افراد کے علاوہ بھی لوگ عمارت کے خوبصورت آرکیٹیکچر کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ اس عمارت کو کسی بک شیلف کی طرز پر بنایا گیا ہے جو دیکھنے میں ایسا لگتا ہے جیسے کسی بڑے بک شیلف میں بڑی بڑی کتابیں پڑی ہوں۔
اس کتب خانے میں 60 ہزار کتابیں پرنٹ اور 60 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل شکل میں موجود ہیں۔ اس لائبریری میں ملک کے دیگر کتب خانوں سے کتابیں منگوانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ طالب علموں کو مطلوب کتاب ملک بھر کے 200 سے زائد کتب خانوں سے ڈھونڈ کر 3 دن کے اندر مہیا کی جاتی ہے تاکہ طالبعلموں کو علم کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کارابک کا یہ منفرد کتاب گھر 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے۔