راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم اور ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، سماجی اور دفاعی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور باہمی معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں سماجی ترقی کے منصوبے شروع کرے گا۔
آرمی چیف سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اقر نے بھی ملاقات کی۔ جنرل ہولوسی نے دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر ترک چیف آف جنرل سٹاف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔