پاکستان سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے، آرمی چیف

Last Updated On 25 April,2018 09:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے، یہ اثرات آج بھی جنوبی ایشیا میں موجود ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ روس کے دوسرے روز روسی وزارتِ دفاع میں روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، استحکام اور سیکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے، یہ اثرات آج بھی جنوبی ایشیا میں موجود ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ہر کوشش کا خیر مقدم کرینگے۔ افغانستان میں امن سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی ملک کیخلاف جارحانہ ارادے نہیں ہیں۔ مساوی سلامتی اور ترقی کی بنیاد پر علاقائی روابط سے تعاون بڑھانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

روسی جنرل نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ افغانستان میں امن و مفاہمت کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، روس اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
 

Advertisement