اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں سے نہ ملک ترقی کرتا ہے اور نہ کوئی مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔ ملک اس وقت ترقی کرے گا جب مزدور اور کسان معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں مختلف وفود نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے پارٹی عہدیداروں اور رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ سیاسی عمل میں پارٹی کے دیرینہ کارکنوں کو اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ یہ کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طاقت تھے اور میری بھی طاقت ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو شخص خیبر پختونخوا میں ایک شاہراہ، یونیورسٹی اور کالج تعمیر نہیں کر سکا، وہ باقی ملک کا کیا حشر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پختونوں کو پاکستان پیپلز پارٹی نے شناخت دی اور پارٹی ہی پختونوں کو حقوق دلا کر صوبہ اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن بنے گی۔