لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی، کہتے ہیں ہم پہلے دن سے دہشت گردی کے خلاف ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے احسن اقبال کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی، آصف زرداری کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور گلدستہ بھی پیش کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ اس کا خاتمہ ہو جائے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کریں لیکن آج بھی کہتا ہوں کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جلسے کے مقام پر کشیدگی شرمناک ہے۔ پی ٹی آئی والے کسی اور دن پر ہم سے لڑ لیتے۔ پی ٹی آئی نے پہلے جلسے کیلئے مزارِ قائد کا اعلان کیا تھا۔ ہم نے حکیم سعید گراؤنڈ کیلئےاجازت بھی لی تھی۔ فوٹیج موجود ہیں جن میں ان کے گارڈز فائرنگ کر رہے ہیں۔ چاہتا ہوں کہ نفرت کی سیاست کو ختم کر دیا جائے۔