لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹروں نے آپریشن کے بعد احسن اقبال کی حالت تسلی بخش قرار دیدی۔ ایم ایس سروسز ہسپتال کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ کے بازو کی 2 ہڈیاں فریکچر ہوئیں، پیٹ سے گولی نہیں نکالی گئی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق احسن اقبال کے دو آپریشنز کیے گئے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
گزشتہ روز قاتلانہ حملے کے بعد احسن اقبال کو نارووال سے زخمی حالت میں بذریعہ ہیلی کاپٹر سروسز ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ سروسز ہسپتال میں احسن اقبال کا سی ٹی سکین کیا گیا جس کے بعد سرجنز کی ٹیم نے ان کے بازو کی سرجری اور لیپروسکوپی بھی کی۔
ایم ایس سروسز ہسپتال کے مطابق احسن اقبال کے بازو کی ہڈی دو جگہ سے ٹوٹی تھی، جسے آپریشن کے ذریعے جوڑ دیا گیا ہے۔ گولی احسن اقبال کے بازو سے نکل کر پیٹ میں پیوست ہو گئی تھی جو ابھی تک پیٹ میں ہی ہے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب احسن اقبال کے علاج میں مزید مشاورت کیلئے 5 رکنی بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بورڈ 2 سرجنز، 2 آرتھو پیڈک سرجنز اور ایک میڈیسن کے پروفیسر پر مشتمل ہو گا۔ وزیرِ داخلہ کو احسن اقبال کو شریف سٹی میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔