گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے وزیرِ داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم کا تفتیش کے لئے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
تھانہ شاہ غریب نارووال پولیس نے انتہائی سخت پہرہ میں ملزم عابد حسین کو ہتھکڑی لگا کر اور اس کا چہرہ کپڑے سے ڈھانپ کر انسداد دہشتگردی گوجرانوالہ ڈویژن کی خصوصی عدالت کے جج ظفر اقبال نعیم کے روبرو پیش کیا اور ملزم سے تفتیش کے لئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔
فاضل جج کو پولیس نے بتایا کہ ملزم کو وزیرِ داخلہ پر فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزم سے اس کے سہولت کاروں کے بارے میں دریافت کرنا ہے۔
عدالت نے ملزم سے تفتیش کے لئے 10روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ججز گیٹ کے راستے خصوصی عدالت میں لایا گیا۔ اس دوران میڈیا کے کیمروں پر خصوصی عدالت کے احاطہ میں لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔