لیہ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کر کے محروم طبقات کے حقوق کا دفاع کروں گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام تیر کو ووٹ دے کر پاکستان کو خوشحال بنائیں۔ تیر کو ووٹ دو اقلیتوں کو حقوق دلوائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئیں سب مل کر استحصالی نظام کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑ کر پیپلزپارٹی کو مضبوط بنائیں۔ تیر کو ووٹ دو تا کہ محرومیاں دور ہو سکیں۔ تیر کو ووٹ دے کر نئے مستقبل کا آغاز کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کر کے محروم طبقات کے حقوق کا دفاع کروں گا۔ اگر آپ میرا ساتھ دیں گے تو بے گھر افراد کو رہائشی سکیم کا منصوبہ دوں گا۔ اقتدار میں آ کر ضلع لیہ کے کچے کے علاقے کو سیلاب سے بچانے کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں گے اور تھر کو بارانی علاقہ ڈکلیئر کیا جائے گا۔ حکومت میں آ کر اس علاقے میں فری انڈسٹریل زون بنائیں گے، کھاد پر سبسڈی کو بڑھائیں گے کیونکہ کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔