کراچی: سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ادا ، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

Last Updated On 23 May,2018 02:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امریکہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نماز جنازہ کراچی کے حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔ مفتی اقبال نے نماز جنازہ پڑھائی، تدفین عظیم پورہ قبرستان میں کر دی گئی۔

 امریکی ریاست ٹیکساس میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والی سبیکا کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید گراونڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلی مراد علی شاہ، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال، ایم کیو ایم رہنما عامر خان، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال، سعید غنی، حلیم عادل شیخ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر، وزیراعلی اور سیاسی رہنماوں نے امریکہ میں پاکستانی طالبہ پر حملے کی مذمت کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ

نماز جنازہ کے بعد سبیکا کے جسد خاکی کو شاہ فیصل کالونی کے عظیم پورہ قبرستان لے جایا گیا جہاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ معصوم کی تدفین کر دی گئی۔ سبیکا کے والد نے کہا دہشتگردی تعلیم کو شکست نہیں دے سکتی۔ تدفین میں شاہ فیصل کالونی کےمکینوں کی بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یاد رہے 18 مئی کو ٹیکساس کے شہر سانتافی کے سکول میں سبیکا گولیوں کا نشانہ بنی، فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے۔ 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو وطن واپس آنا تھا۔