کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں، پارہ آج بھی 43 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

Last Updated On 22 May,2018 09:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں آج بھی گرمی عروج پر رہے گی، پارہ 43 تک جانے کا امکان ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گذشتہ روز ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کی خبروں نے کھلبلی مچائے رکھی تاہم کوئی حقیقت سامنے نہیں آئی۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ایدھی سرد خانے میں پیر کے روز 107 میتیں لائی گئیں، جن میں سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہوئے، ہیٹ اسٹروک کے باعث زیادہ تر اموات لانڈھی، کورنگی، بن قاسم، گڈاپ اور انڈسٹریل ایریا میں ہوئی ہیں، ملوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، بجلی کی عدم فراہمی بھی اموات کی وجہ بنی ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری صحت سندھ نے ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کے دعووں کی تردید کی ہے۔ صوبائی سیکریٹری فضل اللہ پیچوہو کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ کوئی بھی مریض تاحال ہسپتالوں میں نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کا سبب ہوا میں نمی میں اضافے کے باعث ہوتا ہے جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران یہ تناسب انتہائی کم رہا ہے۔

لاہور اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، سورج لاہوریوں کو خوب آنکھیں دکھا رہا ہے، سورج کا پارہ ہائی ہونے سے گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہوگیا ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 اورکم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 6 سے 7 دن تک موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محمکہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 8، بارکھان میں 22، دالبندین میں 18، گوادر میں 22، جیونی میں 27، خضدار اور نوکنڈٰ ی میں 19، لسبیلہ میں 23، پنجگور میں 20، سبی میں 24، تربت میں 21، جبکہ ژوب 19 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد خشک رہنے کا امکان ہے۔