کراچی میں ریکارڈ توڑ گرمی، آج بھی پارہ 44 تک پہنچنے کا امکان

Last Updated On 21 May,2018 12:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ریکارڈ توڑ گرمی کا راج برقرار ہے، آج بھی پارہ 44 تک پہنچنے کا امکان ہے، شہر میں بالائی سندھ میں ہوا کا کم دباو ہونے کے سبب سمندری ہوائیں منقطع ہیں۔

کراچی میں رواں سال کے گرم ترین دن، پارہ آج بھی 44 ڈگری کو چھونے کو تیار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی یہ لہر جمعرات تک جاری رہے گی، شہریوں کو مزید تین روز تک موسم کی سختی برداشت کرنا ہوگی۔

شدید گرمی نے شہریوں کا برا حال کر دیا، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ڈائریکٹر میٹ کا کہنا ہے 11 بجے سے 4 بجے تک شدید گرمی پڑتی ہے گرمی سے بچنے کےلئے روز دار احیتاط سے کام لیں۔

محکمہ موسمیات نے لاہور میں رواں ہفتے موسم انتہائی گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے، درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، گرمی کے دوران لو بھی چلتی رہے گی۔

حیدرآباد شہراوراس کے اردگرد کے علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 40 فیصد رہے گا اورشہر اور اس کے قرب وجوار میں گرد آلود ہلکی ہوائیں چل رہیں ہیں، موسم گرم اور خشک رہنے کے سبب شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔