کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں 5، 6 دن تک درجہ حرارت 40 تا 43 سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
ممکنہ گرمی کے پیش نظر محکمہ صحت نے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے شہر کے تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کر دیئے ہیں۔ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو بھی ہیٹ اسٹروک کیمپ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 80 ہزار ڈرپس اور او آر ایس کے 2 لاکھ پیکٹ بھجوا دیئے گئے ہیں، جو ہر ضلع میں تقسیم کردیئے گئے ہیں۔
ماہرین اور حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی میں بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں، گرمی سے بچنے کے لیے ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے ملبوسات پہنے جائیں۔
جمعرات کو کراچی میں پارہ 40 سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ سمندری ہوائیں کمزور پڑنے سے گرمی زیادہ محسوس ہوئی۔ ہفتے اور اتوار کو مزید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
سندھ کے وزیراعلٰی سید مراد علی شاہ نے بھی متعلقہ اداروں کو انتظامات کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلٰی نے کمشنر کراچی اعجاز احمد اور سیکریٹری ہیلتھ کو فون کر کے موبائل اسپتال سروس متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام بڑے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز پر عملے اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی ایم سیز بھی اپنے ہیلتھ سینٹرز پرانتظامات یقینی بنائیں گی۔