رمضان کا پہلا ہفتہ شدید گرم رہے گا: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

Last Updated On 17 May,2018 03:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی والے ہوشیار ہو جائیں، شہر کا پارہ آج 41 ڈگری کو چھونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں رکنے کے باعث حبس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

ماہ رمضان سے قبل ہی سورج کے تیور بگڑنے لگے، موسم کا حال بتانے والوں نے ماہ صیام کے پہلے ہفتے میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کر دیا، پارہ 40 سے اوپر تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کل سے سمندری ہوائیں بند ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں موسم مزید گرم کر دیں گی۔

روزے داروں کے لئے شدید گرمی میں سب سے بڑا مسئلہ جسم میں پانی کی کمی ہونا ہے جس سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنا ہونگے تا کہ پورے ماہ خشوع و خضوع سے عبادت کی جاسکے، سحر اور افطار کے وقت پانی زیادہ پیئں، کوشش کریں گرم اور دھوپ والی جگہوں پر کم سے کم جائیں۔