کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن، درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔ شہریوں کا براحال، گرمی سے بچاؤ کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔
کراچی میں گرمی کا راج، سورج کا پارہ چڑھ گیا۔ اندرون سندھ میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے، نواب شاہ میں گرمی کا ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ 30 اپریل کو گرم ترین دن کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہوئی مگر نواب شاہ میں آج 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر قائد میں سمندری ہوائیں بھی بند ہیں۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں آج اور کل تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی تاہم ہفتہ سے زور ٹوٹنا شروع ہو جائے گا۔
گرمی مزید بڑھی تو پسینے میں شرابور شہری بھی نڈھال ہوگئے۔ انتظامیہ نے تو کیمپس یا پانی کا انتظام نہ کیا تاہم گلستان جوہر میں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کنارے واٹر کولر لگا دیئے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مئی اور جون میں گرمی کی مزید لہروں کا بھی امکان ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے شدید گرمی میں شہری شہری پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں جبکہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ میں سر ڈھانپ کر نکلیں۔