لاہوریوں پر قدرت مہربان، کالی گھٹاؤں نے شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا

Last Updated On 02 May,2018 03:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہوریوں پر قدرت مہربان ہوگئی، کالی گھٹاؤں اور ہواؤں نے باغوں کے شہر کے موسم کو خوشگوار بنا دیا، گرمی کی شدت میں کمی سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اُٹھے۔

صبح سویرے ہی سرمئی بادلوں نے لاہورکو اپنی آغوش میں لے لیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم دلفریب ہو گیا جس سے گرمی کے ستائے شہری بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے زندہ دلان لاہور کو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی نوید سنا دی۔

دوسری جانب کراچی میں جمعرات کو پارہ 42 تک پہنچنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کل سے سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث درجہ حرارت بڑھ جائے گا، ایسے میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ہفتے کے روز سے موسم بہتر ہونا شروع ہو جائے گا۔ گرمی سے بچنے کے لئے شہری درختوں کی چھاوں میں پناہ لیتے نظر آرہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ گھر میں بجلی نہیں، پارک میں گرمی کا احساس کچھ کم ہوجاتا ہے۔