لاہور: علامہ اقبال ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی

Last Updated On 01 May,2018 08:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا، پولیس نے زخمی ڈاکو کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ راوی بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں پیش آیا جہاں واردات کے بعد فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، تاہم جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔

پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو جناح ہسپتال میں زیرِ علاج ہے جبکہ اس کے دوسرے ساتھی سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔