کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے چچا بھتیجے کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سٹی پولیس تھانے میں مقتول محمد علی کے بیٹے کی مدعیت میں درج ہوا۔ مقدمے میں قتل اور انسداددہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گزشتہ روز جمال الدین افغانی روڈ پر مسلح افراد نے الیکڑانک کی دکان پر فائرنگ کر کے محمد علی اور اس کے بھتیجے جعفر کو قتل کر دیا تھا۔
دوسری طرف مجلس وحدت مسلمین نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے قتل کیخلاف 13 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ علامہ راجا ناصر عباس نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 مہینے سے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی نسل کشی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ عوام کا حکومت پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے، آرمی چیف خود بلوچستان جا کر لوگوں سے ملیں اور چیف جسٹس ثاقب نثار اس معاملے کا ںوٹس لیں۔