لاہور: (دنیا نیوز) موسم کی انگڑائی کمال کی رت لائی، لاہور میں آسمان سے گرتی بوندوں نے گرمی کو بھگا دیا۔
باغوں کے شہر لاہور میں رات گئے بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، آسمان سے بادل برسے تو گرمی اُڑن چھو ہوگئی۔ ٹھنڈی ہوا کے پر کیف جھونکوں سے لاہوریوں کو آنکھیں دکھاتے سورج کا پارہ بھی نیچے آگیا۔ موسم کے تیور بدلے تو شہریوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے۔
آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ژوب میں 4 ملی بارش اورکوئٹہ میں ہلکی بارش ریکارڈکی گئی ہے، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22، دالبندین اور گوادر میں 28، لسبیلہ میں 29 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ کا موسم گرد آلود ہے اور تیز ہوائوں کی وجہ سے موسم خنکی ہوگیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔