اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری گرج چمک کے ساتھ تند و تیز ہواوں کا راج، ژالہ باری کے باعث سردی بڑھ گئی۔
ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری، اسلام آباد لاہور موٹروے پر طوفانی بارش کا زور اور ژالہ باری، گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے موٹروے سفر کو مشکل بنا دیا۔ ژالہ باری اور طوفانی بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ شدید ژالہ باری سے مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹرک سڑک کنارے رکنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
مسافروں نے بارش اور ژالہ باری سے بچنے کیلئے موٹروے پر قائم قیام و طعام کے مراکز میں پناہ لے لی ہے۔ بارش کا سلسلہ اسلام آباد سے موٹر وے کے آغاز سے ہی شروع ہوا۔ چکری سے کلر کہار تک طوفانی بارش اور ژالہ باری نے مسافروں کا راستہ روک رکھا ہے۔ کلر کہار سے سالٹ رینج تک کہیں ہلکی کہیں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔