حج قرعہ اندازی ہو گی یا نہیں، 3 لاکھ درخواست گزار فیصلے کے منتظر

Last Updated On 09 April,2018 09:26 am

اسلام آباد: ( سید قیصر شاہ )عدالتی احکامات کے بعد سرکاری سکیم کے 10 فیصد کوٹہ کیلئے حج قرعہ اندازی ہو گی یا نہیں اس حوالے سے 3 لاکھ درخواست گزار وزارت مذہبی امور کے فیصلے کے منتظر ہیں جبکہ حج 2018 کیلئے نئے اور پرانے ٹور آپریٹرز میں حج کوٹہ تقسیم کرنے کے بارے میں وزارت مذہبی امورکسی فیصلہ پر نہیں پہنچ سکی۔

ابھی تک پرائیویٹ حج سکیم کا کوٹہ نجی کمپنیوں کو نہیں دیا گیا جبکہ نجی کمپنیوں نے کوٹہ ملنے سے قبل ہی سابقہ کوٹے کی روشنی میں ایڈوانس بکنگ کرنا شروع کر دی ہے جبکہ سرکاری سکیم کے تحت پہلی قرعہ اندازی میں نا کام رہنے والے کم و بیش تین لاکھ درخواست گزار وزارت کے فیصلے کے منتظر ہیں کہ ا ب کیا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سرکاری سکیم کیلئے 60 فیصداور نجی سکیم کے لئے 40 فیصد کوٹہ کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔

گزشتہ چند برسوں میں 742 نجی کمپنیوں کو ہی حج کوٹہ دیا جاتا رہا جبکہ امسال 2200 نئی کمپنیاں بھی کوٹے کے حصول کی دوڑ میں شامل ہیں۔ نجی کمپنیوں کی جانب سے پرائیویٹ حج کے لئے 5 لاکھ سے 13 لاکھ تک کے مختلف پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں۔
 

Advertisement