مرحوم کے والدین نے حکومت سے انصاف کی اپیل کر دی ، معاملے پر پاکستانی پولیس سے تعاون کر رہے ہیں :ترجمان امریکی سفارتخانہ
اسلام آباد (دنیا نیوز ) امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے عتیق کی نماز جنازہ اسلام آباد کے نواحی گاؤں میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں عزیز اقارب کے ساتھ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دوسری طرف ترجمان امریکی سفارتحانے کا کہنا ہے کہ معاملے پر پولیس سے تعاون کر رہے ہیں۔
امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے ایک اور پاکستانی زندگی ہار گیا، عتیق نامی نوجوان کا تعلق اسلام آباد کے نواحی گائوں تلہار سے تھا جس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عزیز اقارب کے ساتھ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد آہوں اور سسکیوں میں عتیق کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
والد نے حکومت سے انصاف کی اپیل کی ہے، واقعے پر ترجمان امریکی سفارتخانے کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ وہ معاملے پر پولیس سے تعاون کر رہے ہیں، پولیس نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔