اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی نے نوجوان کو کچل دیا، موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق، 2 زخمی، سفارتی استثنیٰ کے باعث گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل سوار مسافر کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کے وقت امریکی سفارت خانے کا ملٹری اتاشی خود گاڑی چلا رہا تھا اور گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث سفارتکار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق موٹر سائیکل سوار نوجوان عتیق بیگ تہاڑ کا رہائشی ہے۔ جس کی لاش کو پمز ہسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امریکی سفارت خانے کو بھی حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔